بل گیٹس 23 سال میں 18ویں مرتبہ دنیا کے امیر ترین شخص قرار

نیویارک: امریکی جریدے فوربس میگزین نے دنیا کے 2043 ارب پتی افراد کی فہرست جاری کردی ہے‘ جس میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس 86 ارب ڈالر اثاثوں کے ساتھ ایک بار پھر پہلے نمبر ہیں۔
بل گیٹس پچھلے 4 سال سے مسلسل اس فہرست میں پہلے نمبر پر آرہے‘ ہیں‘ جبکہ گزشتہ 23 میں سے 18 سال کے دوران وہ دنیا کا امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں‘ جو ایک ریکارڈ ہے۔
75 ارب ڈالر اثاثوں کے ساتھ وارن بفٹ دوسرے نمبر پر، ایمیزون اور واشنگٹن پوسٹ کے مالک جیف بیزوز 73.8 ارب ڈالر اثاثوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر، قدرے غیرمعروف اطالوی نژاد امریکی تاجر امانشیو اورٹیگا 74.2 ارب ڈالر کے ساتھ چوتھے‘ جبکہ 58.6 ارب ڈالر اثاثوں کے ساتھ فیس بُک کے بانی مارک زکربرگ اس فہرست میں پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔
اس سال کے امیر ترین لوگوں میں بھی ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ افراد سب سے نمایاں ہیں‘ جبکہ گزشتہ برس کی نسبت اس سال 195 مزید افراد ارب پتیوں کے عالمی کلب میں شامل ہوئے ہیں‘ اور یوں اس تعداد میں 13 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے‘ کہ اس سال نئے ارب پتی بننے والوں میں سب سے زیادہ یعنی 76 افراد کا تعلق چین سے ہے‘ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اگرچہ اس وقت بھی دنیا کے ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل ہیں‘ لیکن فوربس کے مطابق پچھلے ایک سال میں صدارتی انتخابی مہم کےلیے اپنا وقت اور پیسہ لگانے کی وجہ سے ان کے اثاثوں میں ایک ارب ڈالر کی کمی آئی ہے‘ اور وہ 220 درجے تنزلی کے بعد دنیا کے 544 ویں مالدار ترین شخص قرار پائے ہیں۔
مذکورہ 2043 مالدار ترین لوگوں میں سب سے زیادہ یعنی 565 امریکی، 319 چینی اور 114 جرمن ارب پتی شامل ہیں۔
فوربس میگزین نے اس سال ارب پتی خواتین کی فہرست بھی جاری کی ہے‘ جس میں لوریئل کی لیلیان بیٹن کورٹ 39.5 ارب ڈالر اثاثوں کے ساتھ سرِفہرست ہیں۔
روزانہ خبریں اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔