ممبئی کی عمارت میں آگ لگنے سے 14 افراد ہلاک

حادثے میں 12 افراد جھلس کر زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ممبئی کے کنگ ایڈورڈ میموریل اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
ممبئی: بھارت میں واقع کثیر منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 14 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ممبئی کے صنعتی علاقے لوئر پریل میں واقع کمالا ملز کمپاؤنڈ میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس کی کئی عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، کئی دفتروں اور ریسٹورانٹس پر مشتمل اس عمارت میں آگ ایک ریسٹورانٹ میں لگی جس کے نتیجے میں اب تک 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ 12 افراد جھلس کر زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ممبئی کے کنگ ایڈورڈ میموریل اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ عمارت کے ساتھ موجود لندن ٹیکسی گیسٹرو پب میں لگی جو تیزی سے پھیلتی گئی اور عمارت کے اندر واقع ریسٹورانٹ کو تقریباً 2 گھنٹے تک اپنی لپیٹ میں لے رکھا تاہم فائربریگیڈ عملے کی سر توڑ کوششوں سے آدھے گھنٹے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔