زرداری جیسے کرپٹ انسان کے ساتھ کھڑا نہیں ہو سکتا، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری نواز شریف جتنے ہی کرپٹ ہیں اور میں ایسے شخص کے ساتھ کھڑا نہیں ہو سکتا۔

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ہر چیز پر قابو پا چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مردان میں زیادتی کے بعد قتل کی گئی بچی عاصمہ کے والد نے فوج سے مدد نہیں مانگی کیونکہ انہیں پولیس پر اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں جرائم ہوتے ہیں لیکن خیبر پختونخوا کی پولیس کے معاملات میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہے اس لیے وہاں پولیس پر لوگوں کو اعتماد ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ اور پنجاب میں پولیس کو غیر سیاسی کیا جائے کیونکہ جعلی مقابلوں میں لوگوں کو ہلاک کر کے پولیس کو جرائم پیشہ بنایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ پولیس ہے، پولیس کو درست استعمال کیا جاتا تو رینجرز کی ضرورت ہی نہ پڑتی۔

انہوں نے کہا کہ قصور میں زینب کے واقعے سے پہلے بھی بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا بڑا اسکینڈل سامنے آ چکا ہے لیکن اس کے باوجود پنجاب پولیس کے قوانین میں اصلاحات نہیں کی گئیں کیونکہ شریف برادران پنجاب پولیس کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

عمران خان نے ڈولفن فورس کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کہ شہباز شریف نے لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لیے انگریزی نام ڈولفن فورس رکھا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پر ماورائے عدالت قتل کا الزام ہے جب کہ پولیس کا کام شریف خاندان کی بادشاہت کو بچانا ہے۔

آصف زرداری سے متعلق پوچھے گئے سوال پر چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وہ بھی نواز شریف جتنے ہی کرپٹ شخص ہیں اس لیے ان کے ساتھ کبھی کھڑا نہیں ہو سکتا۔