وزیراعظم کوبھارتی تاجر جندال سے خفیہ ملاقات بھاری پڑ گئی

اسلام آباد( آئی این پی ) وزیراعظم کی بھارتی تاجر جندال سے
خفیہ ملاقات کے معاملے پر تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے آئندہ
اجلاس کا ایجنڈہ ملتوی کرنے کی سفارش کردی اور بحث کیلئے قومی
اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرادی۔ تحریک التواء رکن قومی
اسمبلی مراد سعید نے جمع کروائی گئی ۔انہوں نے کہاکہ ایوان سجن
جندال کی پاکستان آمد اور مہمان نوازی کے معاملے پر وزیر اعظم
سے وضاحت طلب کرے۔

ڈان لیکس کی رپورٹ کے ہنگام جندال کی خفیہ طریقے سے آمد
انتہائی تشویشناک ہے۔بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کو سزائے موت
سنائے جانے کے بعد سجن جندال کی خفیہ آمد معنی خیز ہے۔سجن
جندال کو وزیر اعظم کے قافلے میں بٹھا کر ویزے کے بغیر مری
لیجایا گیا۔ مراد سعید نے تحریک التوا میں یہ بھی کہا کہ وزیر
اعظم کے سٹاف اور دفتر خارجہ کی جانب سے جندال کے ساتھ آنے
والے دو اجنبی افراد کے بارے میں معلومات چھپائی جارہی ہیں.