دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، سربراہ پاک فضائیہ

sarbarah pak fazaiya

ایئر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بہادر افواج نے قوم کے ساتھ مل کر بڑی
قربانیوں کے بعد ملک میں امن قائم کیا ہے اور دشمن کو ملک کا امن
خراب کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف مارشل نے عید کا دن ایک
آپریشنل بیس پر اہلکاروں کے ساتھ گزارا، اور ڈیوٹی پر موجود
پائلٹس، ائیرمین، ٹیکنیشنز اور سویلینز سے ملاقات کر کے ان کے
جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

سربراہ پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ ہم بحیثیت قوم امن پسند لوگ ہیں
لیکن کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں دشمن کو اس کا بھر پور
اندازمیں جواب دیا جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ ہمارے ہمسایہ ممالک
کو پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دینے کے بجائے اپنے
ہاں دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنی چاہیئے۔

ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اپنی پیشہ وارانہ
صلاحیتوں اور بھرپور عزم کو بروئے کار لاتے ہوئے ملکی سالمیت اور
فضائی سرحدوں کی حفاظت کی اور کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ
پاکستان کی سالمیت اولین ترجیح ہے اور پاک فضائیہ ہر صورت میں
دشمن کی جانب سے کی جانے والی فضائی خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر
جواب دیتی رہے گی، ہماری بہادر افواج نے قوم کے ساتھ مل کر بڑی
قربانیاں دے کر امن قائم کیا ہے، ہم دشمنوں کو کسی صورت میں اسے
خراب نہیں کرنے دیں گے۔

Leave a Reply