پریانکا کی فلم ’بے واچ‘ بد ترین فلموں کی کیٹیگری میں نامزد

بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی ہالی وڈ ڈیبو فلم ’بے واچ‘ کو 38 ویں گولڈن ریسبیری ایوارڈز میں بدترین فلموں کی کیٹیگری میں نامزد کرلیا گیا۔

پریانکا چوپڑا بالی وڈ میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد ہالی وڈ میں قدم جماچکی ہیں اور انہوں نے امریکی ڈرامے ’کوانیٹیکو‘ کے ذریعے کیریئر کا آغاز کیا۔

اداکارہ نے گزشتہ سال ہالی وڈ میں فلم ’بے واچ‘ کے ذریعے فلمی کیرئیر شروع کیا اور اب مزید 3 فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

ہالی وڈ میں بہترین کارکردگی کے ساتھ بد ترین کارکردگی کے ایوارڈز شوز کا بھی انعقاد ہوتا ہے اور ان میں گولڈن ریسبیری ایوارڈز کا بھی نام شامل ہے جس میں اداکارہ پریانکا چوپڑا کی فلم کو بد ترین فلموں کی کیٹیگری میں نامزد کرلیا گیا ہے۔

اس ایوارڈ شو میں بدترین اداکار و اداکارہ، بدترین فلم اور بدترین ہدایت کار کی کیٹیگریز شامل ہیں اور بالی وڈ کی صف اول کی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی فلم کو سال 2017 کی ’بدترین فلم‘ کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا ہے۔

یہ ایوارڈ شو 3 مارچ کو امریکہ میں منعقد کیا جائے گا اور ایوارڈز کے لیے ووٹنگ کا سلسلہ 25 فروری تک جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ اس فلم میں پریانکا کے علاوہ ڈوائن جانسن اور زیک ایفرون نے مرکزی کردار ادا کیے تھے اور یہ فلم 13 مئی 2017 میں ریلیز کی گئی تھی۔