سنیل سے جھگڑے کے بعد کپل شرما کا شو مشکلات کا شکار

ممبئی: بھارتی کامیڈین کپل شرما کی جانب سے سنیل گروور پر تشدد کرنے کے بعد ساتھی اداکاروں اور نامور شخصیات
کے بائیکاٹ کے باعث ’’دی کپل شرما شو‘‘ کی شوٹنگ پہلی بار کینسل ہوگئی۔ کپل شرما کے دوران پرواز ساتھی اداکار سنیل گروور کو جوتے سے مارنے اور مغلظات بکنے کے واقعے کے
بعد تنازعہ روز بروز بڑھتا جارہا ہے‘ جب کہ کامیاب ترین شو یک دم فلاپ ہونے کی جانب بڑھ رہا ہے‘ اور کپل کے ناروا سلوک پر ساتھی اداکاروں نے بائیکاٹ کردیا ہے‘ جس کے بعد اب پہلی بار شو کی شوٹنگ بھی نہ ہوسکی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’’دی کپل شرما شو‘‘سنیل گروور کے تنازعے کے بعد مشکلات کا شکار ہوگیا ہے‘ اور کپل کے ناروا سلوک پر احتجاجاً چندن پربھاکراورعلی اصغر نے شو کی شوٹنگ کا بائیکاٹ کردیا ہے‘ جب کہ تمام تیاریوں کے باوجود شو میں کسی بھی نامور شخصیت نے شریک ہونے سے انکار کردیا جس پر پہلی بار کپل کو شو کی شوٹنگ کینسل کرنا پڑی ہے۔
دوسری جانب شو کی شوٹنگ کینسل ہونے سے کپل سمیت چینل انتظامیہ بھی پریشان ہے‘ اور شو کے منتظمین کی جانب سے کپل پرساتھی اداکاروں سے معاملات ٹھیک کرنے کے لیے دباؤ بڑھتا جارہا ہے‘ جب کہ شو کی تخلیقی ہدایتکارپریتی سیموئس نے بھی کپل کے رویئے پر شو چھوڑنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
واضح رہے‘ کہ گزشتہ دنوں کپل شرما شراب کے نشے میں دھت آسٹریلیا سے واپسی پر دوران پرواز ساتھی اداکاروں سے الجھ پڑے تھے۔
روزانہ خبریں اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔