جمیکا ٹیسٹ جیتنے کے لئے پاکستان کو 32 رنز درکار

کنگسٹن: میزبان ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم جمیکا ٹیسٹ کی
دوسری اننگز میں 152 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد
پاکستان کو جیت کے لئے 32 رنز کا ہدف ملا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے شہر جمیکا میں جاری 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے
پہلے ٹیسٹ کے پانچویں روز پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے تباہ کن
بولنگ کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت میزبان ٹیم دوسری اننگز میں 152
کے مجموعی اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔ پانچویں روز کا کھیل شروع ہوا تو
میزبان ٹیم نے 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 93 رنز سے اننگز کا آغاز
کیا لیکن پاکستانی بولرز میدان میں چھائے رہے اور شاندار بولنگ کا
مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا ایک بھی
موقع نہیں دیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیرن پاویل 49 اور شمرون ہیٹمیر 20 رنز کے
ساتھ نمایاں رہے جب کہ کریگ بریتھ وٹ 14، دوندرا بشو 18، کپتان
جیسن ہولڈر 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور 5 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی
شامل نہ ہوسکے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 6، محمد عباس 2،
وہاب ریاض اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 286 اور دوسری میں 152
رنز بنائے جب کہ پاکستان نے مصباح الحق کی 99 رنز ناٹ آؤٹ اننگز
کی بدولت پہلی اننگز میں 407 رنز بنائے تھے۔