پاکستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف ستمبر میں ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلے گی

Srilanka

پاکستان کی کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ ستمبر میں سری لنکا کے خلاف دبئی
میں گلابی گیند سے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

یہ پاکستانی ٹیم کا دوسرا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہوگا۔

پاکستانی ٹیم نے گذشتہ سال دبئی میں ہی ویسٹ انڈیز کے خلاف گلابی
گیند کے ساتھ ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا تھا جو اس نے دلچسپ مقابلے
کے بعد 56 رنز سے جیتا تھا تاہم یہ ٹیسٹ میچ تماشائیوں کی بہت بڑی
تعداد کو اپنی جانب متوجہ کروانے میں کامیاب نہیں ہوا تھا۔

پاکستانی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ کا آغاز

ورلڈ الیون اور سری لنکا کے بعد ویسٹ انڈیز
بھی پاکستان آئے گی: نجم سیٹھی

نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان سنہ 2015 میں پہلے ڈے نائٹ
ٹیسٹ میچ کے بعد سے اب تک پانچ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچز کھیلے جا
چکے ہیں۔

آخری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ گذشتہ ہفتے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے
درمیان ایجبسٹن میں کھیلا گیا تھا۔

بی بی سی اردو کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پاکستان کرکٹ
بورڈ نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو دونوں ممالک کے درمیان متحدہ عرب
امارات میں کھیلی جانے والی سیریز کا شیڈول بھیج رکھا ہے جسے
منظوری کے بعد جاری کر دیا جائے گا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اس سیریز میں دو ٹیسٹ، پانچ ون ڈے
اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ شامل ہیں۔

مجوزہ شیڈول میں 28 ستمبر سے دو اکتوبر تک دبئی میں پہلا ٹیسٹ ڈے
نائٹ رکھا گیا ہے۔ ابوظہبی میں دوسرے ٹیسٹ کی تاریخ چھ سے دس
اکتوبر تجویز کی گئی ہے۔

پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز 13 سے 23 اکتوبر تک کھیلی جائے گی۔ اس
سیریز کے دو دو میچ ابوظہبی اور شارجہ میں جبکہ ایک میچ دبئی میں
کھیلا جائے گا۔

دورے میں شامل تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی تاریخیں 26، 28
اور 29 اکتوبر رکھی گئی ہیں۔

پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ دبئی میں ہوگا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے جو
شیڈول سری لنکن کرکٹ بورڈ کو بھیجا ہے اس میں آخری دو ٹی ٹوئنٹی
میچ لاہور میں رکھے ہیں تاہم یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے کہ سری
لنکن ٹیم پاکستان آ کر دو یا ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

Leave a Reply